نومبر 1, 2026

مشرقِ وسطیٰ میں جنگی کشیدگی، آئل ٹینکرز کے کرائے تاریخی سطح پر پہنچ گئے

0
ship

کراچی: مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتِ حال کے باعث تیل کی ترسیل کرنے والے جہازوں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، آئل ٹینکرز کے یومیہ کرائے بڑھ کر 2 لاکھ 54 ہزار سے 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق جنگ سے قبل آئل ٹینکرز کا یومیہ کرایہ 20 ہزار سے 50 ہزار ڈالر کے درمیان تھا، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث جہازوں کے کرایوں میں پانچ گنا سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ سے مشرقِ بعید تک تیل کی ترسیل کے کرائے بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق 2022 سے 2025 کے دوران آئل ٹینکرز کے یومیہ کرائے 20 ہزار سے 50 ہزار ڈالر کے درمیان رہے، جبکہ موجودہ جنگی صورتِ حال نے شپنگ لاگت میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگی خطرات کے باعث آئل ٹینکرز کے انشورنس پریمیم میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، جس سے تیل کی ترسیل مزید مہنگی ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق شپنگ کرایوں اور انشورنس اخراجات میں اضافے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے، جس کے اثرات عالمی توانائی کی منڈی اور تیل درآمد کرنے والے ممالک کی معیشتوں پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے