پاکستانیوں کے لیے قطر کا بڑا اعلان
اسلام آباد: قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے مفت ویزہ آن ارائیول (Visa on Arrival) کی سہولت سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے اس کے حصول کے لیے چار بنیادی شرائط واضح کر دی ہیں۔ نئی سہولت کے تحت اہل پاکستانی مسافر بغیر ویزہ فیس ادا کیے قطر میں 30 دن تک قیام کر سکیں گے۔
قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق یہ سہولت پاکستانیوں کے علاوہ بھارت اور تھائی لینڈ کے شہریوں کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔ تاہم مسافروں کو ویزہ حاصل کرنے کے لیے مقررہ دستاویزی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
مفت ویزہ حاصل کرنے کے لیے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟
قطری حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق پاکستانی مسافروں کے لیے درج ذیل چار شرائط لازمی ہیں:
- پاسپورٹ کی معیاد: مسافر کا پاسپورٹ قطر پہنچنے کی تاریخ سے کم از کم تین ماہ تک کارآمد ہونا چاہیے۔
- واپسی کا ٹکٹ: قطر آنے اور واپس جانے کے لیے کنفرم شدہ راؤنڈ ٹرپ ایئر ٹکٹ ہونا ضروری ہے۔
- ہوٹل کی بکنگ: رہائش کے لیے ہوٹل کی بکنگ صرف قطر کی سرکاری ویب سائٹ Discover Qatar کے ذریعے کروانا لازمی ہے۔ دیگر عام ٹریول ویب سائٹس سے حاصل کی گئی بکنگ قابل قبول نہیں ہوگی۔
- ہیلتھ انشورنس: مسافر کے پاس قطر کی منظور شدہ انشورنس کمپنی کی جاری کردہ کارآمد ہیلتھ انشورنس پالیسی موجود ہونی چاہیے۔
قطر میں کتنے دن قیام کی اجازت ہوگی؟
اس سہولت کے تحت اہل پاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 30 دن تک قطر میں رہ سکتے ہیں۔ تاہم قیام کی اصل مدت ہوٹل کی کنفرم شدہ بکنگ سے منسلک ہوگی۔
مثال کے طور پر اگر کسی مسافر نے 10 دن کے لیے ہوٹل بک کروایا ہے تو اسے بھی اسی مدت کے مطابق قیام کی اجازت ملے گی، جبکہ 30 دن کی بکنگ کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 30 روز قیام ممکن ہوگا۔
ویزہ سہولت کی معطلی کی خبروں کے بعد نئی وضاحت
واضح رہے کہ ماضی میں قطر کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے لیے آن ارائیول اور آن لائن ویزہ سہولیات عارضی طور پر معطل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اب قطری حکام کی جانب سے مفت ویزہ آن ارائیول کی شرائط واضح کیے جانے کے بعد پاکستانی مسافروں کے لیے سفری طریقہ کار سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
قطر جانے کا ارادہ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو چاہیے کہ ٹکٹ خریدنے اور سفر کی منصوبہ بندی سے پہلے تمام شرائط اور تازہ ترین امیگریشن ہدایات کی تصدیق ضرور کرلیں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
