ایران خطے میں امن، اسلامی ممالک کے اتحاد اور تعاون کے لیے تیار ہے، صدر مسعود پزشکیان
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے نمائندوں نے ایرانی قیادت سے ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی، اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی امن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن شریک ہوئے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضاعی نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
تہران میں چار ملکی اجلاس کے انعقاد کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جس پر ایران نے بھی اجلاس کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں اختلافات کے خاتمے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اسلامی ممالک کے اتحاد، سلامتی اور ترقی کے لیے ہر ایسے معاہدے کی حمایت کرے گا جو مشترکہ مفادات اور علاقائی امن کو آگے بڑھائے۔
صدر پزشکیان نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ انہوں نے غزہ، لبنان اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر عدم تحفظ اور حملوں کا مقابلہ کرے۔
ایرانی صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم بین الاقوامی قانون کے تحت پُرامن جوہری سرگرمیاں جاری رکھنا اس کا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
