نومبر 1, 2026

انگلینڈ کے خلاف فتح کا کریڈٹ حارث رؤف کو بھی جاتا ہے، شاداب خان

0
daily-bolan-sports

انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنی شاندار اننگز کا کریڈٹ حارث رؤف کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حارث نے مشکل وقت میں نہ صرف سمجھداری سے ان کا ساتھ دیا بلکہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کا حوصلہ بھی بڑھاتے رہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک یادگار اور خوشگوار لمحہ تھا۔ وہ اور حارث رؤف بیٹنگ کے دوران بھرپور لطف اندوز ہو رہے تھے اور کرکٹ کے بجائے دیگر موضوعات پر بھی باتیں کر رہے تھے۔ شاداب کے مطابق انہیں یقین تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ گزشتہ سیریز میں بھی اچھی شراکت قائم ہوئی تھی، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف بھی دونوں اسی طرح کی اننگز کھیل چکے ہیں۔ انگلینڈ کے بولرز مسلسل دباؤ کا شکار ہو رہے تھے اور حارث نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ وننگ شاٹ کھیلیں گے۔ اس پر شاداب نے انہیں کہا کہ جب ٹیم کو یہاں تک لے آئے ہو تو اب جیت کا شاٹ بھی تم ہی لگاؤ۔

سنچری سے قبل ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیے جانے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ انہیں بالکل اندازہ نہیں ہوا تھا کہ گیند بیٹ سے لگی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پویلین واپس جاتے ہوئے بس ایسے ہی ریویو لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

تنقید کے حوالے سے شاداب خان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ کوچ کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں یا نہیں، تاہم وہ ہمیشہ اپنی جانب سے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ کتنی ہی کوشش کیوں نہ کر لیں، بعض اوقات لوگوں کو مطمئن کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ کسی بھی اننگز کا اصل لطف اسی وقت آتا ہے جب ٹیم کامیابی حاصل کرے۔ انہیں خوشی ہے کہ ان کی بیٹنگ کی بدولت ٹیم میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آخری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کھلاڑی کو ویسے بھی چھکے لگانے کا شوق ہوتا ہے، اس لیے انہوں نے اپنی اننگز کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔

شاداب خان کے مطابق انہوں نے میچ کی صورتحال اور کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا تھا کہ حریف بولرز کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے، اور یہی حکمت عملی ٹیم کی شاندار کامیابی میں مددگار ثابت ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے