نومبر 1, 2026

چمن میں تین روزہ کوژک مہران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔

0
774

چمن: چمن میں تین روزہ کوژک مہران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔ فائنل مقابلوں میں مختلف ویٹ کیٹیگریز کے باکسرز نے اپنی فنی مہارت، بہترین کھیل اور بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ کامیاب کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 17 گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول چمن کے گراؤنڈ میں منعقدہ اس تین روزہ چیمپئن شپ میں بلوچستان سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز نے شرکت کی۔ فائنل مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے رنگ میں بہترین کھیل، غیر معمولی مہارت اور بھرپور مقابلے کا مظاہرہ کیا، جس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔ مختلف ویٹ کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کرنے والے باکسرز نے 17 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں کمانڈر چمن اسکاؤٹس بریگیڈ بریگیڈیئر ضرار احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ قبائلی مشران اور عمائدین بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی نے قبائلی مشران کے ہمراہ کامیاب باکسرز میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔اس موقع پر بریگیڈیئر ضرار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کا فروغ نوجوان نسل کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام کو کامیاب اور شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔دریں اثناء چیمپئن شپ میں ضلع پشین سےشرکت کرنے والے آٹھ باکسرز نے اختتامی مقابلوں کے بعد ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی، کھیل کے میدان میں ان کی صلاحیتوں اور مثبت سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نوجوان باکسرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ، باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور انہیں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔تین روزہ باکسنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ضلع چمن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے درمیان باہمی روابط، بھائی چارے اور مثبت کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے