پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر نے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کرلی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی گفتگو کا مرکز بن گئے ہیں۔ اس بار دونوں کے چرچے کی وجہ عاصم اظہر کی سالگرہ کی ایک ایسی تصویر اور ویڈیو ہے جس نے مداحوں کی تجسس میں اضافہ کر دیا۔
عاصم اظہر نے حال ہی میں اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں اپنی 30ویں سالگرہ منائی۔ اس خاص موقع کی یادگار تصاویر اور ویڈیوز انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں تقریب کی مختلف جھلکیاں دیکھنے کو ملیں۔
تاہم، تصاویر کی اس پوری سیریز میں مداحوں کی خصوصی توجہ نویں سلائیڈ نے سمیٹ لی۔ سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ اس مختصر کلپ میں ہانیہ عامر بھی دکھائی دے رہی ہیں، جہاں دونوں کو مبینہ طور پر کِک اسکوٹر پر سوار دیکھا جا سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مداحوں نے اس ویڈیو کو ہانیہ عامر کی ماضی میں شیئر کی گئی ایک انسٹاگرام ویڈیو سے بھی جوڑ دیا ہے۔ اس ویڈیو میں اداکارہ کو اسکوٹر چلاتے دیکھا گیا تھا، جبکہ پس منظر میں عاصم اظہر کا نیا گانا بھی سنائی دے رہا تھا۔ صارفین کے مطابق دونوں ویڈیوز میں جگہ بھی ایک جیسی محسوس ہوتی ہے۔
عاصم کی پوسٹ سامنے آتے ہی کمنٹ سیکشن میں نویں سلائیڈ کے حوالے سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ نویں سلائیڈ میں ہانیہ نظر آرہی ہیں، جبکہ دوسرے نے دعویٰ کیا کہ اس کلپ میں ہانیہ اور عاصم ایک ساتھ کِک اسکوٹر پر موجود ہیں۔
ایک اور مداح نے دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’’اصل مزہ تو نویں سلائیڈ میں ہے۔‘‘ بعض صارفین نے تو دوسروں کو ہانیہ کی انسٹاگرام اسٹوری دیکھنے کا مشورہ بھی دیا تاکہ دونوں ویڈیوز کا موازنہ کیا جا سکے۔
اگرچہ اس ویڈیو میں موجود شخصیت کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین اپنے اندازے پیش کر رہے ہیں، تاہم اس مبینہ جھلک نے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے مداحوں میں ایک بار پھر دلچسپی پیدا کر دی ہے۔
