عمران عباس نے اداکاری چھوڑ دی
اسلام آباد میں بڑا ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان، فلاحی کاموں کو زندگی کا اہم مقصد قرار دے دیا
لاہور (17 اکتوبر 2026): پاکستان کے معروف اداکار اور ماڈل عمران عباس نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران عباس نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی، جہاں میزبان مشی خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شوبز انڈسٹری سے دوری اختیار کرنے کی وجوہات بیان کیں۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو سے تین سال سے ٹی وی ڈراموں میں کام نہیں کر رہے اور اب مزید ٹیلی وژن پر اداکاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری سے دوری کے بعد اب وہ باقاعدہ طور پر رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہوچکے ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اسلام آباد میں تعمیراتی کام بھی شروع کر رکھا ہے اور اب اپنی زیادہ تر توجہ اسی شعبے پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
پروگرام کے دوران عمران عباس نے انکشاف کیا کہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ایک بڑا ٹاور تعمیر کر رہے ہیں، جس کی تکمیل میں ممکنہ طور پر ڈھائی سال لگ سکتے ہیں۔
