’دل چاہتا ہے‘ کی شوٹنگ کا حیران کن راز
ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے 25 برس مکمل ہوگئے، لیکن فلم کی شوٹنگ سے جڑا ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے مداحوں کو حیران کردیا۔فلم کے ہدایت کار فرحان اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اہم منظر کی عکسبندی کے دوران اکشے کھنہ نے عامر خان کو تقریباً 17 مرتبہ حقیقی تھپڑ مارے تھے، جس کے باعث عامر خان کا چہرہ تک سوج گیا تھا۔25 سال مکمل ہونے پر فلم کی کاسٹ اور ہدایت کار ایک بار پھر اکٹھے ہوئے تو ماضی کی یادیں تازہ ہوئیں۔ اسی دوران عامر خان نے اس سین کا ذکر کیا جس میں اکشے کھنہ کو انہیں بار بار تھپڑ مارنا تھا۔اس انکشاف پر سیف علی خان بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے عامر خان سے پوچھا کہ کیا یہ تھپڑ واقعی مارے گئے تھے؟فرحان اختر نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ عامر خان نے خود اکشے کھنہ سے کہا تھا کہ وہ سین کو حقیقت کے قریب رکھنے کے لیے انہیں زور سے تھپڑ ماریں۔ ہدایت کار کے مطابق تھپڑ اتنے حقیقی اور سخت تھے کہ شوٹنگ ختم ہونے تک عامر خان کے چہرے کی ایک جانب واضح سوجن اور نشان نظر آنے لگا تھا۔عامر خان کے مطابق اکشے کھنہ کا حقیقی طور پر تھپڑ مارنا منظر کی شدت اور تاثیر کے لیے ضروری تھا، اسی لیے انہوں نے انہیں پیچھے نہ ہٹنے کی ہدایت کی تھی۔لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ فلم میں صرف عامر خان ہی حقیقی تھپڑ برداشت نہیں کر رہے تھے۔ اداکارہ سچترا پلئی نے بھی بتایا کہ انہیں ایک منظر میں سیف علی خان کو تھپڑ مارنا تھا۔چترا کے مطابق وہ سیف کو واقعی تھپڑ مارنے میں ہچکچا رہی تھیں، تاہم فرحان اختر نے انہیں واضح ہدایت دی کہ وہ پیچھے نہ ہٹیں اور پوری طرح سین کریں۔ نتیجتاً سچترا نے سیف علی خان کو بھی تین مرتبہ تھپڑ مارا۔2001 میں ریلیز ہونے والی ’دل چاہتا ہے‘ عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کھنہ کی دوستی، محبت اور زندگی کے بدلتے راستوں پر مبنی فلم تھی۔ فلم نے شہری نوجوانوں کی زندگی، دوستی اور رشتوں کو پیش کرنے کے روایتی انداز کو بدلتے ہوئے بالی ووڈ میں ایک نئی مثال قائم کی، جس کی وجہ سے آج بھی اسے ایک کلٹ کلاسک کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
