اکتوبر 6, 2026

شارجہ میں سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری

0
sharjah-news

متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافے کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت کم از کم ماہانہ تنخواہ 20 ہزار درہم مقرر کردی گئی ہے۔

خلیج نیوز کے مطابق شارجہ کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ایک بڑے پیکیج کی منظوری دی ہے۔

نئے پیکیج کا اطلاق ستمبر سے ہوگا، جس پر حکومت کو سالانہ 1.187 ارب درہم سے زائد لاگت آئے گی۔

اس اقدام سے شارجہ حکومت کے 17,776 سرکاری ملازمین براہِ راست مستفید ہوں گے، جن کی تنخواہوں میں اضافے پر سالانہ 720 ملین درہم سے زائد خرچ کیے جائیں گے۔

پیکیج میں کم آمدنی والے خاندانوں کو بھی خصوصی ریلیف دیا گیا ہے۔ تقریباً 6,652 خاندانوں کو مجموعی طور پر سالانہ 195.1 ملین درہم کی لاگت سے اضافی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح شارجہ حکومت کے 2,251 سرکاری پنشنرز کے لیے بھی کم از کم آمدنی کی یہی حد مقرر کی گئی ہے، جس پر سالانہ تقریباً 113.1 ملین درہم خرچ ہوں گے۔

اس کے علاوہ شارجہ حکومت سے ریٹائر نہ ہونے والے مزید 5,300 اماراتی پنشنرز کو بھی خصوصی تکمیلی گرانٹ دی جائے گی تاکہ ان کی آمدنی کم از کم مقررہ سطح تک پہنچائی جاسکے۔ اس اقدام کی سالانہ لاگت تقریباً 159 ملین درہم بتائی گئی ہے۔

شیخ سلطان بن محمد القاسمی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس پیکیج کی منظوری میں غیر ضروری تاخیر نہیں کی اور سب سے پہلے ان افراد کو ترجیح دی گئی جنہیں مالی معاونت کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو تنخواہ میں اضافے سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ زیادہ تنخواہیں حاصل کرنے والے ملازمین کے لیے بھی الگ مطالعہ تیار کیا جارہا ہے، جس کا جائزہ آئندہ ہفتے لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے