شادی کی تیاریاں جاری تھیں کہ اچانک ایسا بھانڈا پھوٹا، دولہے نے رشتہ توڑ دیا!
بھارت میں شادی سے قبل دلہن کی سرکاری ملازمت سے متعلق اہم حقیقت سامنے آنے پر دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے، جس کے بعد دولہے کے اہلخانہ نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا جب دولہے کے ایک دوست نے ریڈٹ پر پوری کہانی شیئر کی۔ اس کے مطابق دونوں کی ملاقات ایک میٹریمونیل ایپ کے ذریعے ہوئی تھی، جہاں سے بات آگے بڑھی اور دونوں خاندانوں نے شادی پر رضامندی ظاہر کردی۔
تاہم رشتے کے معاملات طے ہونے کے بعد لڑکی کی تعلیمی قابلیت اور ملازمت کی نوعیت پر سوالات اٹھنے لگے۔ بتایا گیا کہ خاتون نے نجی کالج سے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں ملازمت کرتی تھیں، لیکن ان کی نوکری مستقل نہیں بلکہ عارضی بنیادوں پر تھی۔ مبینہ طور پر یہ تفصیل ان کے میٹریمونیل پروفائل میں درج نہیں تھی۔
ریڈٹ پوسٹ کے مطابق خاتون نے اپنے ممکنہ شریکِ حیات کے لیے بھی چند شرائط رکھی تھیں، جن میں مخصوص آمدنی، اپنا گھر، ذاتی گاڑی اور اچھا قد شامل تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دولہے نے اپنے پروفائل میں پہلے ہی اپنا قد 5 فٹ 5 انچ ظاہر کر رکھا تھا۔
دوسری جانب دولہا بھی پیشہ ورانہ اعتبار سے اچھی پوزیشن پر تھا۔ اس نے ایک معروف تعلیمی ادارے سے انجینئرنگ اور بیرونِ ملک یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ بھارتی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) میں سائنسدان کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا اور اچھی آمدنی کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان شادی کے معاملات تقریباً مکمل ہوچکے تھے اور تاریخ بھی طے کردی گئی تھی، لیکن جیسے ہی دلہن کی ملازمت مستقل ہونے کے بجائے عارضی ہونے کا انکشاف ہوا، دولہے کے خاندان نے منگنی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
واقعے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی رائے تقسیم ہوگئی۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ شادی جیسے اہم فیصلے میں ملازمت کی اصل حیثیت چھپانا اعتماد کو متاثر کرسکتا ہے اور تمام ضروری معلومات ابتدا ہی میں واضح ہونی چاہئیں۔
تاہم کچھ صارفین نے اس معاملے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کہانی صرف دولہے کے دوست کی جانب سے شیئر کی گئی ہے، اس لیے ایک ہی فریق کا مؤقف سن کر کسی کو قصوروار قرار دینا مناسب نہیں۔
یوں ایک بظاہر طے شدہ شادی ملازمت کی نوعیت سے متعلق اختلاف کے باعث ختم ہوگئی، جبکہ اس واقعے نے شادی سے پہلے مکمل سچائی اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
