نومبر 21, 2026

ڈپٹی کمشنر حب کی زیرِ صدارت حب کراس جیپ ریلی کے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کے حوالے سے اجلاس

0
dc-hub-

حب (20 نومبر 2026): ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ریٹائرڈ) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت 11 تا 13 دسمبر 2026 کو منعقد ہونے والی حب کراس جیپ ریلی کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری اور شرکاء و شائقین کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اے ایس پی حب، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ حب، چیئرمین میونسپل کمیٹی گڈانی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گڈانی، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل حب، اسسٹنٹ انجینئر ڈسٹرکٹ کونسل حب اور ایس ڈی او محکمہ مواصلات و تعمیرات (روڈز) حب نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حب کراس جیپ ریلی کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی پلان، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی، ہنگامی طبی سہولیات، فائر فائٹنگ انتظامات، ٹریک کی صفائی و کلیئرنس اور شرکاء کی محفوظ آمدورفت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حب نے ایس پی حب کو ہدایت کی کہ جیپ ریلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے اور شرکاء، منتظمین اور شائقین کی حفاظت و محفوظ نقل و حرکت کے لیے مناسب پولیس نفری تعینات کی جائے۔ فرنٹیئر کور کو بیک اَپ سیکیورٹی فراہم کرنے اور ضرورت پڑنے پر پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حب کو ہدایت کی کہ ریلی کے مقام پر ایمبولینس، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گڈانی کو فائر فائٹنگ گاڑی کی دستیابی، ٹریک کی صفائی اور ضرورت کے مطابق راستوں کی کلیئرنس یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات (روڈز) کو ٹریک اور متعلقہ راستوں کی مرمت و بحالی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا کہا گیا۔

مزید برآں، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل حب کو میونسپل کمیٹی گڈانی کے ساتھ افرادی قوت، مشینری اور دستیاب وسائل کے ذریعے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ حب کراس جیپ ریلی ضلع حب کے لیے ایک اہم کھیل اور سیاحتی سرگرمی ہے، جس کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی، مؤثر رابطہ کاری اور پیشگی انتظامات کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ 11 تا 13 دسمبر 2026 کے دوران تمام انتظامات مکمل طور پر فعال رکھے جائیں اور سیکیورٹی، طبی امداد، فائر فائٹنگ اور ٹریک کی کلیئرنس کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، تاکہ حب کراس جیپ ریلی کا انعقاد پُرامن، محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے