نومبر 21, 2026

امیتابھ بچن کی پراسرار پوسٹ نے ہلچل مچا دی

0
amitabh

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک مختصر مگر معنی خیز پوسٹ نے مداحوں اور بھارتی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ اداکار نے رات گئے صرف دو الفاظ ’’بچ گئے‘‘ لکھ کر شیئر کیے، جس کے بعد ان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ’جلسہ‘ پر مبینہ حملے کی سازش ناکام بنائے جانے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ شوٹرز کو گرفتار کیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان مختلف مجرمانہ منصوبوں میں ملوث تھے، جن میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی بھی شامل تھی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے ہفتے کے روز پنجاب کے شہر جالندھر سے وکاس ٹھاکر المعروف ویکی جبکہ ترن تارن سے دیپک سنگھ المعروف دیپ کو حراست میں لیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ذریعے دو مبینہ مجرمانہ منصوبوں کو ناکام بنایا گیا، جن میں دہلی کے ایک کاروباری شخص سے بھتہ وصولی اور ممبئی میں امیتابھ بچن پر حملے کی منصوبہ بندی شامل تھی۔

دوسری جانب تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ امیتابھ بچن کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا تعلق ان کے ایک ایسے بیان سے ہو سکتا ہے جو 1984 کے سکھ مخالف فسادات کے حوالے سے سامنے آیا تھا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس معاملے نے اس وقت مزید سنجیدہ رخ اختیار کر لیا جب یہ انکشاف ہوا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو تین دھمکی آمیز ای میلز موصول ہو چکی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پہلی دھمکی آمیز ای میل 23 اکتوبر کو موصول ہوئی تھی، جس میں نہ صرف امیتابھ بچن کی رہائش گاہ بلکہ ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے کے دفتر کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

ایسے میں امیتابھ بچن کی پراسرار پوسٹ ’’بچ گئے‘‘ نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے، تاہم اداکار نے تاحال اپنی اس مختصر پوسٹ کے پس منظر میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔

T 5847 – बच गए— Amitabh Bachchan (@SrBachchan) November 14, 2026

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے