نومبر 21, 2026

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے.بلال خان کاکڑ

0
bilal-khan-kakkar

کوئٹہ، 14 نومبر: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جائے، اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت بلوچستان اور سرمایہ کاری بورڈ مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے BITE 2026 کے حوالے سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور مختلف تجارتی و کاروباری اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان مفاہمتی یادداشتوں میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز، ویمن چیمبر آف کامرس اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس شامل ہیں۔ اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او عبدالمنان ،کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سیبئر نائب صدر مرزا خان خلجی، سابق صدر حاجی ایوب مریانی، کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے پیٹرن ان چیف حاجی ولی محمد، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر حاجی دارو خان اچکزئی، خواتین چیمبر کی فرزانہ کریم بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے، بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 18 اور 19 نومبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس ایکسپو میں مختلف چیمبرز آف کامرس کو بطور شراکت دار شامل کیا گیا ہے تاکہ کاروباری برادری کی فعال شرکت یقینی بنائی جا سکے اور مقامی صنعت کاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ ان مواقع کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے کاروباری برادری، تجارتی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ وائس چیئرمین نے کہا کہ مختلف چیمبرز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا، کاروباری روابط مستحکم کرنا، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا اور صوبے کی مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نجی شعبے اور کاروباری برادری کے ساتھ مل کر وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے