تعلیمی اداروں میں خواتین کا تحفظ اور قانون سازی کا نفاذ اولین ترجیح ہے راحیلہ حمید خان درانی
خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کے لیے سرگرم ممتاز تنظیم "شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر” کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی اور "ساتھ” منصوبے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے شرکت گاہ کی نصف صدی پر محیط جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، مؤثر قانون سازی، موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم، انسدادِ ہراسانی اور خواتین کارکنوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں شرکت گاہ اور دیگر سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
راحیلہ حمید خان درانی نے بلوچستان میں خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادیوں، صنفی امتیاز اور ہراسانی جیسے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی سیاسی نمائندگی اور اعلیٰ عہدوں تک رسائی کے باوجود معاشرتی اور ادارہ جاتی رویوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بالخصوص تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے تحفظ، جنسی ہراسانی کی روک تھام، شکایات کے مؤثر ازالے اور خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق آگاہی پروگراموں کو وسعت دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین کو اردو اور علاقائی زبانوں میں عام کرنے اور تحفظ کے لیے بین الصوبائی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔ تقریب میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پارلیمنٹیرینز شہناز عمرانی اور کلثوم نیاز بلوچ سمیت صوبائی خاتون محتسب ایڈووکیٹ طاہرہ بلوچ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ 1975ء میں قائم ہونے والی تنظیم شرکت گاہ نے گزشتہ پچاس برسوں کے دوران محدود وسائل سے آغاز کر کے خواتین کی معاشی خودمختاری، سیاسی شرکت، تعلیم، صحت، تحقیق اور پالیسی سازی کے میدان میں ایک وسیع قومی تحریک کی بنیاد رکھی۔ ادارے کا بنیادی فلسفہ لوگوں کے لیے نہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنا، ان کی آواز کو مضبوط بنانا اور انہیں اپنے حقوق اور مستقبل سے متعلق فیصلے خود کرنے کے قابل بنانا ہے۔ اسی روز منعقدہ "ساتھ” (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب میں کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے خلاف تحقیق، تربیت، قانونی اصلاحات اور شکایات کے مؤثر نظام کے ذریعے خواتین محنت کشوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا
