نومبر 1, 2026

لیونل میسی نے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ 2026 جیت لیا، بارسلونا کی جانب سے مبارکباد

0
sports-news

بارسلونا (24 اکتوبر 2026): ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو سال 2026 کے باوقار پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ فار اسپورٹس سے نوازے جانے پر دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ان کے سابق کلب ایف سی بارسلونا نے بھی اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

39 سالہ لیونل میسی نے اسپین کے شہر اوویڈو میں منعقدہ تقریب میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ انفرادی حیثیت میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔

ایف سی بارسلونا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں میسی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے غیر معمولی ٹیلنٹ، میدان کے اندر اور باہر شاندار کردار، کھیل سے وابستگی اور سماجی خدمات کو سراہا۔ کلب نے اس موقع پر میسی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور ان کی تاریخی خدمات پر فخر کا اظہار بھی کیا۔

بارسلونا کلب کے مطابق میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال کلب کے ساتھ گزارے، جس دوران انہوں نے ملکی اور یورپی فٹبال میں کئی یادگار کامیابیاں حاصل کیں۔ کلب کے ساتھ ان کا تعلق آج بھی بارسلونا کی تاریخ کا ایک اہم اور ناقابل فراموش باب ہے۔

واضح رہے کہ میسی کو رواں سال جون میں اس باوقار ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ وہ اپنے شاندار کیریئر میں ریکارڈ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی آر جیت چکے ہیں، جبکہ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2022 کا فیفا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا تھا۔

میسی نے 2021 میں بارسلونا کو خیرباد کہنے کے بعد فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کی، جبکہ اس وقت وہ امریکی کلب انٹر میامی سے وابستہ ہیں۔

1981 میں قائم ہونے والے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈز کو اسپین کے معتبر ترین اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی شامل ہے۔

میسی کے لیے یہ اعزاز ان کے غیر معمولی فٹبال کیریئر اور کھیلوں کی دنیا میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے