نومبر 21, 2026

جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے خلاف گاؤں طیب سانڈ کے رہائشی بزرگ عبدالرحمان سانڈ نے ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا

0
125

ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) تحصیل تلہار میں مبینہ طور پر بااثر افراد کی جانب سے زرعی زمین پر قبضے کی کوشش، درختوں کی کٹائی، فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے خلاف گاؤں طیب سانڈ کے رہائشی بزرگ عبدالرحمان سانڈ نے ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحمان سانڈ نے الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے حافظ رحمان کے نام پر رجسٹرڈ زرعی زمین پر امتیاز احمد عرف لکی لغاری، غلام مرتضیٰ عرف بلاول لغاری، منصور عرف حسین لغاری اور عبدالر رسول عرف بادل لغاری قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مخالفین کو زمین سے درخت کاٹنے سے منع کیا تو انہوں نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔انہوں نے بتایا کہ زمین کی ملکیت کے تمام قانونی کاغذات اور ثبوت ان کے پاس موجود ہیں جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ تلہار میں درج کروایا جا چکا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ مقدمے میں نامزد دس ملزمان میں سے چھ ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں، چار تاحال روپوش ہیں جبکہ ایک گرفتار ملزم کو بھی مخالف فریق کی جانب سے دھرنا دے کر پولیس پر دباؤ ڈالنے کے بعد رہا کروا لیا گیا۔متاثرہ بزرگ نے مزید الزام عائد کیا کہ مخالفین انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث ان کا خاندان شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر غیر جانبدارانہ تحقیقات، ملزمان کی گرفتاری اور خاندان کو تحفظ فراہم کرکے انصاف یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے