بلوچستان میں صوبے کی پہلی انشورنس کمپنی کے قیام کا فیصلہ، سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس بنانے پر بھی اتفاق
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کی پہلی انشورنس کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ نے منظوری دے دی ہے۔ ابتدائی طور پر دو ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان میں رجسٹرڈ انشورنس کمپنی قائم کی جائے گی، جبکہ سوئی میں لو بی ٹی یو گیس کے استعمال سے فرٹیلائزر کمپلیکس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کا دسواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نئے معاشی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان بیسڈ انشورنس کمپنی کے قیام سے سرکاری اداروں اور مقامی شہریوں کو انشورنس کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ مقامی سطح پر انشورنس کمپنی کا قیام صوبے میں سرمایہ کاری اور مالیاتی خدمات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کی شراکت داری سے بلوچستان کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس کا قیام صنعتی ترقی اور مقامی وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اس منصوبے سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ مقامی افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر مقامی سطح پر صنعتوں کا قیام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہے۔ صنعتی منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور معاشی خودمختاری کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دے کر پائیدار معاشی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی
ہے
