بدین کے قریب گاؤں عیدو چانگ میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول کی عمارت گزشتہ 20 سال سے مرمت نہ ہونے کے باعث انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے.رئیس محمد عرس چانگ
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) بدین کے قریب گاؤں عیدو چانگ میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول کی عمارت گزشتہ 20 سال سے مرمت نہ ہونے کے باعث انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے چھت سے پلستر اور ملبے کے ٹکڑے گرنا معمول بن گیا۔ جس کے باعث تقریباً 200 طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔اسکول کی عمارت کی مرمت اور فرنیچر کی عدم فراہمی کے خلاف رئیس محمد عرس چانگ، حاجی محمد چانگ، گل چانگ اور دیگر دیہاتیوں نے ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اسکول میں گاؤں عیدو چانگ سمیت گردونواح کے چار دیگر دیہات کے تقریبا 200 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خستہ حال چھت سے ملبہ گرنے کے باعث متعدد مرتبہ بچے زخمی بھی ہو چکے ہیں، جبکہ طلبہ خوف کے سائے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارت کی مرمت اور فرنیچر کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کو بارہا آگاہ کیا گیا لیکن کسی نے بھی اس سنگین مسئلے پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر فوری طور پر عمارت کی مرمت نہ کرائی گئی تو کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔مظاہرین نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، صوبائی وزیر سروسز اینڈ ورکس حاجی علی حسن زرداری، بدین کے منتخب نمائندوں، سیشن جج بدین اور ڈپٹی کمشنر بدین سے مطالبہ کیا کہ اسکول کی عمارت کی فوری مرمت اور طلبہ کے لیے فرنیچر فراہم کیا جائے، بصورت دیگر محکمہ تعلیم کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
