سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری
پشاور: خیبرپختونخوا کے بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آگئی، اکتوبر 2026 کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر ختم کرنے کے لیے لوکل کونسل بورڈ نے صوبے بھر کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کو ہنگامی بنیادوں پر ادائیگیاں یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری فنانس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ مراسلے میں بندوبستی اور ضم شدہ اضلاع کی تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلدیاتی ملازمین کی اکتوبر کی تنخواہیں اور پنشن بلا تاخیر ادا کی جائیں۔
مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ ٹی ایم ایز کے لیے مطلوبہ گرانٹ اور آکٹروئی فنڈز جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے مالی وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں۔
لوکل کونسل بورڈ نے تحصیل میونسپل افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی دستیابی کے باوجود ادائیگیوں میں کسی قسم کی سستی یا تاخیر نہ کی جائے اور اس عمل کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
صرف ادائیگی نہیں، ثبوت بھی لازمی!
مراسلے میں ایک اہم اضافی شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی مکمل ہونے کے بعد متعلقہ مجاز افسر کے دستخط شدہ تصدیقی سرٹیفکیٹ لوکل کونسل بورڈ کو فوری طور پر ارسال کیے جائیں، تاکہ ریکارڈ کی تکمیل اور مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
اس ہدایت کے بعد اب صوبے کی تمام ٹی ایم ایز کے لیے نہ صرف ملازمین اور پنشنرز کو ادائیگیاں کرنا بلکہ ان کی باضابطہ تصدیق بھی لوکل کونسل بورڈ کو فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
