ترک اداکار جلال آل کا اعلان
ترک اداکار جلال آل نے اپنی تازہ انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے پاکستانی مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ پاکستانی عوام کو بے حد یاد کرتے ہیں اور جلد ہی ان سے ملاقات کے لیے پاکستان پہنچیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اس سفر کے دوران مداحوں کے لیے کئی دلچسپ سرپرائز بھی ہوں گے۔
اپنے پیغام کے آخر میں جلال آل نے "دل دل پاکستان، جان جان ترکیہ” کا نعرہ تحریر کیا، جسے سوشل میڈیا پر پاکستانی مداحوں نے بے حد پسند کیا اور ان کے دورے کا بے صبری سے انتظار کرنے لگے۔
اداکار نے بتایا کہ ان کا یہ دورہ ایک معروف ترک برانڈ کے اشتراک سے ہوگا، تاہم انہوں نے ابھی تک پاکستان آمد کی حتمی تاریخ یا اس تعاون کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے دوران نشر ہونے والی شہرۂ آفاق ترک سیریز دریلیش ارطغرل میں عبدالرحمٰن الپ کا کردار ادا کرنے کے بعد جلال آل کو پاکستان میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ ان کے پہلے دورۂ پاکستان پر بھی مداحوں نے والہانہ استقبال کیا تھا۔
