خواتین کو بااختیار بنانا صرف نمائندگی بڑھانے کا نام نہیں,سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے او آئی سی کے 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کے بااختیار بنانے، سیاسی شمولیت اور قیادت میں مؤثر کردار پر خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف نمائندگی بڑھانے کا نام نہیں بلکہ انہیں قیادت، قانون سازی، حکمرانی اور فیصلہ سازی کے عمل میں بامعنی شرکت کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے او آئی سی پلان آف ایکشن برائے خواتین (OPAAW) پر مؤثر عملدرآمد، قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے مسلم دنیا میں خواتین کی سیاسی قیادت کے فروغ کے لیے پانچ سالہ OIC ویمن پولیٹیکل لیڈرشپ کمپیکٹ کی تجویز بھی پیش کی۔
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خواتین کے وقار، مساوی مواقع، انصاف اور مؤثر شمولیت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ خواتین ایک مضبوط، خوشحال اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں-
