ستمبر 2, 2026

حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سے ضلع حب کے عمائدین کی ملاقات، بجلی بحران، ٹریفک حادثات اور تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام پر گفتگو

0
saira-atta

حب: وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب محمد عظیم سیاں کی قیادت میں ضلع حب کے عمائدین اور نمائندہ وفد نے لیڈا کانفرنس ہال میں کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع حب کے عوام کو درپیش مختلف اہم مسائل، بالخصوص بجلی کے بحران، ٹریفک مینجمنٹ، صنعتی اداروں میں مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح اور تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن کو آگاہ کیا کہ ضلع حب بالخصوص جام کالونی کے صارفین بجلی کے بحران اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وفد نے حب سٹی میں ٹریفک مینجمنٹ کے ناقص انتظامات کے باعث آئے روز پیش آنے والے حادثات اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی جانب بھی توجہ دلائی۔

وفد نے کہا کہ ضلع حب ایک اہم صنعتی شہر ہے، جہاں مختلف صنعتیں قائم ہیں، تاہم مقامی نوجوانوں اور محنت کشوں کو روزگار کے مواقع میں ترجیح دی جانی چاہیے۔ صنعتی اداروں میں مقامی افراد کے حقوق، ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور روزگار کے تحفظ کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

وفد نے کمشنر کو بتایا کہ ضلع بھر میں جام فاؤنڈیشن کے تحت لوکل کمیٹی اور رضاکاروں کے تعاون سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو رضاکارانہ طور پر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم مریضوں کو مستقل اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حب میں تھیلیسیمیا سینٹر کا قیام ضروری ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کے تعاون اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم معاملے پر جام غلام قادر ہسپتال کی انتظامیہ سے بھی بات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان بچانا ایک عظیم عمل ہے، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ایک جان بچانا گویا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ رضائے الٰہی کے اصولوں پر عمل ہی میں انسانیت کی بقاء ہے۔

کمشنر سائرہ عطاء نے وفد کی نشاندہی پر ابراہیم گجر گوٹھ مڈل اسکول کی سولرائزیشن کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی اداروں میں کام کرنے والے مقامی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور حب شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے مؤثر میکانزم تشکیل دیا جائے گا، تاکہ ٹریفک حادثات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینسز کو ٹریفک کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ملاقات میں وفد کے ارکان سیف اللہ شیخ، وڈیرہ زبیر گجر، ارشاد پارس، اشرف سیاں، مصطفیٰ شیخ سمیت دیگر عمائدین بھی موجود تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے