ستمبر 2, 2026

چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی اجلاس، صوبائی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

0
cheif-secreatry-balochistan

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ضلعی دفاتر میں افسران اور عملے کی بروقت حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شکیل قادر خان نے کہا کہ افسران عوامی خدمت کے لیے ہر وقت اپنے جائے تعیناتی پر موجود رہیں اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف سیکرٹری نے سرکاری گاڑیوں کی کنڈیم نیشن اور نیلامی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ سرکاری وسائل کے مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں محکموں میں خالی آسامیوں، ترقیوں اور بھرتیوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ تمام بھرتیاں اور ترقیاں میرٹ اور قواعد و ضوابط کے تحت کی جائیں گی اور اس عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

شکیل قادر خان نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت فوری طور پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی محکمے اپنی ویب سائٹس کو فعال رکھیں تاکہ عوام کو سرکاری معلومات تک بروقت اور آسان رسائی حاصل ہو سکے۔

چیف سیکرٹری نے محکموں میں حاضری کے مضبوط اور مؤثر نظام کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے افسران اور ملازمین کی حاضری، نظم و ضبط اور عوامی خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس کے دوران صوبائی محکموں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے