ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر زارا زاہد اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز ماتلی شہر کا دورہ کیا
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر زارا زاہد اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز ماتلی شہر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حیدرآباد بس اسٹاپ سمیت مختلف ٹرانزٹ اور فکسڈ پوائنٹس پر جاری پولیو ویکسینیشن کے عمل اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران دونوں افسران نے پولیو ٹیموں کی موجودگی، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل اور مسافروں و دیگر شہریوں تک پولیو ویکسین کی رسائی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود پولیو ورکرز سے مہم کی پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین اور ایس ایس پی بدین نے متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے اور پانچ سال تک کی عمر کے کسی بھی بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے محروم نہ رکھا جائے۔ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض پوری ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں، جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات برقرار رکھے جائیں تاکہ پولیو ورکرز بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ڈپٹی کمشنر بدین اور ایس ایس پی بدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مشترکہ کوششوں سے انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
