جولائی 7, 2026

سعودی عرب کا پاکستانیوں سمیت غیر ملکی سیاحوں کے لیے پیکیج ویزا کا اجراء، سفر اور ویزا ایک ہی بکنگ میں ممکن

0
Saudi Arabia introduces a new package visa for Pakistani and international tourists

Saudi Arabia’s modern package visa allows flight, hotel, and visa booking in a single process

سعودی عرب نے پاکستانیوں سمیت دیگر بین الاقوامی سیاحوں اور زائرین کے لیے سفر کو مزید آسان بنانے کی غرض سے ایک نئی اور جدید سہولت “پیکیج ویزا” متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب ٹریول بکنگ کے ساتھ ہی ڈیجیٹل سیاحتی ویزا حاصل کیا جا سکے گا۔

سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق، اس نئے ڈیجیٹل اقدام کا مقصد ملک میں سیاحت کے عمل کو مزید مربوط اور سہل بنانا ہے۔ اب مسافروں کو فلائٹ، ہوٹل اور ویزا کے لیے الگ الگ مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ ایک ہی مربوط سسٹم کے ذریعے تمام سفری سہولیات بیک وقت بک کی جا سکیں گی۔

رپورٹ کے مطابق، عالمی سطح پر مکمل نفاذ سے قبل پیکیج ویزا کو ابتدائی طور پر منتخب بین الاقوامی مارکیٹوں میں مستند اور اہل ٹریول اینڈ ٹورازم سروس پرووائیڈرز کے ذریعے متعارف کروایا جا رہا ہے۔

اس سہولت کے تحت مسافروں کو اپنی بکنگ میں مختلف تفریحی ایونٹس، سیاحتی سرگرمیوں اور خصوصی تجربات شامل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جس سے ان کے سفر کو مزید یادگار بنایا جا سکے گا۔

سعودی عرب کے وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پیکیج ویزا اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم زائرین کے لیے سفر کو زیادہ آسان، محفوظ اور مربوط بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزا کو ٹریول بکنگ کے ساتھ منسلک کر کے مسافروں کو ایک ہموار اور جدید سفری تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزارتِ سیاحت کے مطابق، یہ سہولت صرف ان کوالیفائیڈ ٹریول ایجنٹس اور سروس پرووائیڈرز کو دی جا رہی ہے جو مقررہ سروس معیارات پر پورا اترتے ہوں اور اپنے صارفین کو 24 گھنٹے کسٹمر سپورٹ فراہم کرتے ہوں۔

اس اقدام سے ٹریول ایجنٹس کو پرکشش پیکیجز متعارف کرانے اور سیاحوں کو طویل قیام کی ترغیب دینے کا موقع بھی ملے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب سیاحتی ای ویزا، ویزا آن ارائیول اور اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا جیسی سہولیات متعارف کرا چکا ہے۔ ان کامیاب پالیسیوں کے نتیجے میں سال 2025ء کے دوران سعودی عرب نے 2 کروڑ 90 لاکھ (29 ملین) سے زائد بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ پیکیج ویزا کے بعد اس تعداد میں مزید نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے