اگست 18, 2026

تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کے قوانین مزید سخت

0
Kuwait tightens tobacco and nicotine regulations and bans online sales and advertising

کویت نے تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کے استعمال اور فروخت کو محدود کرنے کے لیے نئے اور سخت ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔ نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کی درآمد، تیاری، تقسیم، فروخت، تشہیر اور استعمال سے متعلق قوانین مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر احمد العوادی کی جانب سے جاری کردہ 2026 کی وزارتی قرارداد نمبر 237 میں تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات کی دستیابی اور استعمال میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو ان مصنوعات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

کویتی اخبار الانباء کے مطابق نئے قوانین کا دائرہ صرف روایتی سگریٹ اور تمباکو مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ اس میں الیکٹرانک سگریٹ، گرم تمباکو کی مصنوعات، نیکوٹین مصنوعات اور نیکوٹین کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی دیگر ٹیکنالوجیز بھی شامل ہیں۔

نئے ضوابط کے تحت آن لائن فروخت اور تشہیر پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ ایسی مصنوعات کی دستیابی روکنے کے لیے مزید سخت نگرانی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

حکام نے غیر رجسٹرڈ مصنوعات کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسی تمباکو اور نیکوٹین مصنوعات پر پابندی عائد کی گئی ہے جو براہِ راست یا بالواسطہ طور پر بچوں اور نوجوانوں کو ہدف بناتی ہوں۔

کویتی حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد تمباکو اور نیکوٹین کے استعمال کو کم کرنا، عوامی صحت کا تحفظ کرنا اور نوجوان نسل کو ان مصنوعات کے بڑھتے ہوئے استعمال سے محفوظ رکھنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے