اکتوبر 6, 2026

پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی اور سیکریٹری کلچر و سیاحت حمید اللہ خان ناصر کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ٹورازم بلوچستان کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اہم تقریب کا انعقاد

0
zareen-khan-magsi

کوئٹہ، 27 ستمبر۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن، پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی اور سیکریٹری کلچر و سیاحت حمید اللہ خان ناصر کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ٹورازم بلوچستان کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد بلوچستان کے شاندار ثقافتی و تاریخی ورثے، قدرتی حسن اور وسیع سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ابوالحسن میری، ڈائریکٹر ٹورازم بلوچستان گہرام بخشی بلوچ، محکمہ کلچر اینڈ ٹورازم کے اعلیٰ حکام، متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں بلوچستان کے وسیع سیاحتی امکانات، تاریخی ورثے اور قدرتی حسن کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر ٹورازم گہرام بخشی بلوچ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع کے اعتبار سے ملک کے منفرد صوبوں میں شامل ہے اور یہاں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کلچر اینڈ ٹورازم بلوچستان صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے، سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔گہرام بخشی بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے تاریخی مقامات، پہاڑی سلسلے، ساحلی پٹی، صحرائی مناظر، قدرتی وادیوں، قدیم آثار اور منفرد ثقافتی روایات ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ صرف تفریح تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع، چھوٹے کاروباروں کا فروغ اور مقامی معیشت کی بہتری ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، رسائی میں بہتری، صفائی، رہنمائی اور محفوظ ماحول کی فراہمی محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے مختلف سیاحتی مقامات کو زیادہ مؤثر انداز میں ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ عالمی یومِ سیاحت بلوچستان کے منفرد ثقافتی، تاریخی اور قدرتی اثاثوں کو دنیا کے سامنے متعارف کرانے کا اہم موقع ہے۔ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات، بہتر رسائی، صفائی، رہنمائی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سیاحوں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کو یقینی بنا کر سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کا تحفظ سیاحت کے فروغ کے ساتھ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں، نجی شعبے، مقامی کمیونٹیز اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر اشتراک کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے کے سیاحتی وسائل کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دی جاسکے۔تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے سیاحتی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، سیاحتی مقامات کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ بلوچستان کو ملکی و بین الاقوامی سیاحت کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے ساتھ ساتھ صوبے کے مثبت تشخص کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے