بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں. وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ، 27 ستمبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن شعبان کے دوران دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد منظم ٹھکانے مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کیے، جبکہ اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ان کے مطابق نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مند میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے منظم ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پیدا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی، جبکہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے۔
