صوبائی وزیر صحت کے اعلانات پر عملدرآمد، ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل میں ڈائیلاسز یونٹ کا افتتاح
اوتھل (رپورٹ،غلام مرتضیٰ لاسی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے دورہ لسبیلہ کے موقع پر کیے گئے اعلانات پر عملدرآمد کا آغاز کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال اوتھل میں ڈائیلاسز یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈائیلاسز یونٹ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے کیا، جبکہ اس موقع پر سینئر ڈائیلاسز ٹیکنیشن رضا محمد خضدار اور ڈائلاسز ٹیکنیشن زیبا جمیل بھی موجود تھی۔ اس اقدام سے گردوں کے امراض میں مبتلا لسبیلہ کے مریضوں کو اپنے ضلع میں ڈائیلاسز کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں علاج کے لیے کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کی مشکلات اور بھاری اخراجات سے نجات مل سکے گی۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، چیئرمین لسبیلہ سردار غلام فاروق شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ، سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ہاشمی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر منصور رئیسانی، ایم ایس سول ہسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد، ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی، ڈاکٹر تولا رام لاسی، شاہد خان پٹھان، لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے محمد رمضان جاموٹ، پیر قادر شاہ، سلیم جاموٹ، فیصل چنہ، واجہ عارف گنگو اور محمد عمر لاسی سمیت محکمہ صحت کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اپنے گزشتہ دورہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل کے موقع پر ڈائیلاسز کی سہولت جلد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ قائم کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے کہا کہ ڈائیلاسز یونٹ کے قیام میں لسبیلہ ہیلتھ کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ اور تعاون سے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماضی میں گردوں کے مریضوں کو ڈائیلاسز کے لیے کراچی جانا پڑتا تھا، جہاں سفر، رہائش اور علاج معالجے پر بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے، تاہم اب یہ سہولت اپنے ضلع میں دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل کے دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی تعاون کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہسپتال کی ایمبولینسیں فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث طویل عرصے سے خراب کھڑی ہیں، جن کی مرمت کے لیے مخیر حضرات اور اداروں کو آگے آنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے اور اس بنیادی حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسز یونٹ کا قیام علاقے کے مریضوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جس سے انہیں علاج کے لیے دوسرے بڑے شہروں کا سفر کرنے کی مشکلات سے نجات ملے گی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل ڈاکٹر اویس واجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر صحت کی جانب سے ابتدائی طور پر دو ڈائیلاسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم مریضوں کی تعداد کے پیش نظر مزید مشینوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسز کے مریضوں کے ضروری ٹیسٹوں کے لیے پی سی آر مشین بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کیا کہ ڈائیلاسز یونٹ کو مؤثر اور مستقل بنیادوں پر چلانے کے لیے جدید طبی مشینری اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ تقریب میں جام گروپ کے سینئر رہنما ڈاکٹر تولا رام لاسی نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پارلیمانی سیکرٹری میر زرین خان مگسی کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل میں ڈائیلاسز کی سہولت کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے لسبیلہ کے غریب اور مستحق مریضوں کو کراچی کے سفر، علاج کے بھاری اخراجات اور دیگر مشکلات سے بڑی حد تک نجات ملے گی۔ ڈائیلاسز یونٹ کے فعال ہونے پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ضلع لسبیلہ کے شعبہ صحت میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عملی اقدامات سے غریب اور مستحق مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم ہوں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈائیلاسز یونٹ کو مستقل بنیادوں پر فعال رکھا جائے گا اور ہسپتال میں مزید جدید طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی
