بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے زیر اہتمام بلوچستان کی تاریخ کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا افتتاح
کوئٹہ، 18 نومبر: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے زیر اہتمام بلوچستان کی تاریخ کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ 26 سال بعد حکومتی سطح پر منعقد ہونے والی اس ایکسپو کا مقصد صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دستیاب مواقع سے روشناس کرانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے مہمانوں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ BITE 2026 بلوچستان کی مقامی مصنوعات، صنعت، کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپس کو قومی منڈیوں سے منسلک کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے مواقع، زراعت کی معاونت، ڈیجیٹل سہولیات، ای کامرس اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے ون ونڈو سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے پناہ معاشی استعداد موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقع کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔ ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے BITE 2026 کے انعقاد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں زراعت، خوراک اور صنعتی شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے تعاون کی پیشکش بھی کی اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد گل کاکڑ نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لائسنسز، این او سیز اور قانونی منظوریوں کے طریقہ کار کو آسان بنانا سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے امن و امان اور قومی شاہراہوں پر سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ وائس چانسلر BUITEMS ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ BITE 2026 تعلیمی اداروں، صنعت اور کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے روبوٹکس، انٹیلی جنٹ سسٹمز اور ڈیٹا سائنس سمیت جدید تعلیمی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے صنعت اور جامعات کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایکسپو میں بلوچستان سمیت ملک بھر کی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری منصوبوں اور مصنوعات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سابق وفاقی وزیر سلیم مانڈوی والا، صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند، کاروباری و صنعتی شخصیات، ایران کے قونصل جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
