کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عمل ہوگا، مالکان اور زمیندار فوری رجسٹریشن کرائیں: ایس ایچ او اوتھل
اوتھل:
ایس ایچ او پولیس اسٹیشن اوتھل عبدالوحید مگسی نے کہا ہے کہ ضلع میں کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ تمام مکان مالکان، دکان مالکان اور زمینداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں اور ہاریوں کا اندراج فوری طور پر پولیس کے آن لائن ریکارڈ میں کرائیں۔ مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالوحید مگسی نے بتایا کہ کرایہ داری ایکٹ سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے متعدد بار پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے مہم چلائی جا چکی ہے، اس کے علاوہ شہریوں کو باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود بعض مالکان اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے، جو قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن اوتھل میں کرایہ داروں اور زرعی زمینوں پر کام کرنے والے ہاریوں کے کوائف کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہے، لہٰذا شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بروقت اندراج یقینی بنائیں۔
ایس ایچ او کے مطابق کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔
عبدالوحید مگسی نے واضح کیا کہ قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مکان مالکان، دکان مالکان اور زمینداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے کرایہ داروں اور ہاریوں کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر پولیس اسٹیشن اوتھل میں آن لائن جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
