بیلہ میں کھلی کچہری، اسسٹنٹ کمشنر نصیب اللہ بڑیچ نے عوامی مسائل سن کر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرا دی
بیلہ: ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نصیب اللہ بڑیچ کی زیر صدارت ریسٹ ہاؤس بیلہ میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری میں ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ محمد امین لاسی، ڈی ڈی او سید حسن شاہ قریشی، ایم ایس سول ہسپتال بیلہ ڈاکٹر حکیم لاسی، جنگلات آفیسر سلیم اللہ رونجھو، سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او عباس بھٹو، لائیو اسٹاک آفیسر ڈاکٹر عبدالصمد رونجھو، سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالخالد رونجھو، کے الیکٹرک کے نمائندے زیشان جلیل کھوسہ، تحصیلدار بیلہ غلام سرور رونجھو اور ایس ایچ او بیلہ یار محمد کمانڈو سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران عوام کو باری باری اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نصیب اللہ بڑیچ نے ہر درخواست کو توجہ سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری کارروائی اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے حفاظتی بندوں کی تعمیر، نکاسی آب، سڑکوں کی صفائی، لوکل سرٹیفکیٹ کے اجرا، انتظار گاہ کی تعمیر، منشیات کی روک تھام، کے الیکٹرک سے متعلق شکایات، بازار میں مویشیوں کی آمدورفت، مسکٹ لکڑی پر پابندی، گلیوں کی بندش اور زرعی علاقوں میں حفاظتی بند تعمیر کرنے جیسے اہم مسائل اٹھائے۔
سردار عبد الرحیم رونجھو نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لوکل سرٹیفکیٹ کے اجرا پر عائد پابندی کے حوالے سے سوال اٹھایا، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کا قانونی تقاضوں کے مطابق جائزہ لے کر شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
سیاسی و سماجی رہنما، صحافیوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اپنے علاقوں کے مسائل تفصیل سے بیان کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر نصیب اللہ بڑیچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تمام جائز شکایات پر قانون کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
