اکتوبر 6, 2026

پیپلزپارٹی رہنماؤں کی اہم بیٹھک، حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار

0
ppp-hub

حب: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء حاجی ملوک بنگلزئی کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء میر اکبر زہری، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل حب جاوید جمالی، چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی، وڈیرہ رفیق سیاپاد، سابق وائس چیئرمین حب سرور مگسی، کونسلران، سرفراز سومرو سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ترجمان صدر پاکستان و پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری کے فنڈز سے حب میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ میر علی حسن زہری نے حب شہر کی تعمیر و ترقی اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے، ان شاء اللہ حب کو ایک ماڈل شہر بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔

رہنماؤں نے حب کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر کا دامن تھامے رکھیں، کیونکہ گزشتہ کئی دہائیوں کی تباہی اور بنیادی سہولیات کی کمی کو دور کرنے اور شہر کو دوبارہ تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں وقت درکار ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاری ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں، تاہم سیاسی مخالفین کی جانب سے ان منصوبوں کے حوالے سے پروپیگنڈا کرکے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام ایسے منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میر علی حسن زہری کی قیادت میں حب کی ترقی کا سفر جاری رہے گا اور حب کو ایک خوبصورت، ترقی یافتہ اور ماڈل شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے عوام کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے