جام گروپ کے سینئر رہنما کامریڈ مشتاق رند کا وڈیرہ رجب علی رند کی قیادت میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان
حب: جام گروپ کے سینئر رہنما کامریڈ مشتاق رند نے اپنے ایک اہم بیان میں حب کے عوام کو درپیش بجلی کے سنگین بحران، غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کی ناقص فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وڈیرہ رجب علی رند کی قیادت میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
کامریڈ مشتاق رند نے کہا کہ حب شہر اور گردونواح کے عوام طویل عرصے سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ گھنٹوں بجلی کی بندش نے عوام کی معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جبکہ شدید گرمی میں خواتین، بچوں، بزرگوں، طلبہ اور بیمار افراد کو ناقابلِ بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر، چھوٹے تاجروں اور مزدور طبقے کا روزگار متاثر جبکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ عوام باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولت سے محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
کامریڈ مشتاق رند نے کہا کہ حب کے عوام کو احتجاج کا جمہوری حق حاصل ہے اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک حب میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرے، بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وڈیرہ رجب علی رند کی قیادت میں ہونے والی احتجاجی ریلی صرف کسی ایک فرد یا جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ حب کے عوام کے بنیادی حقوق کی آواز ہے۔ اس لیے حب کے تمام باشعور شہری، سیاسی و سماجی کارکنان، تاجر برادری، نوجوان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے حق کے لیے اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
آخر میں کامریڈ مشتاق رند نے کہا کہ جب تک حب کے عوام کو بجلی کے بحران سے نجات نہیں ملتی، عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہم عوام کے بنیادی حقوق کے لیے ہر جمہوری اور قانونی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے
