نومبر 2, 2026

کھیلوں کا فروغ امن، اتحاد اور بھائی چارے کے پیغام کو تقویت دیتا ہے.مینا مجید بلوچ

0
meena-majeed-baloch

صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ کھیلوں کا فروغ امن، اتحاد اور بھائی چارے کے پیغام کو تقویت دیتا ہے، بلوچستان میں کھیلوں کے میدانوں کا آباد ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں کے عوام امن، مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں بلکہ باہمی ہم آہنگی، اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ 2026 کے فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
واضح رہے کہ چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ 2026 کا فائنل جیت کر افغان فٹبال کلب چمن نے چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے منتظمین اور فٹبال شائقین کی کاوشوں کو سراہا۔
ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے مختلف صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ریکارڈ 82 ٹیموں کی شرکت نے ایونٹ کو غیر معمولی اہمیت کا حامل بنا دیا۔ ٹیموں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت بلوچستان میں فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری سرگرمیوں کی نمایاں عکاسی کرتی ہے۔ ایونٹ کے دوران کوئٹہ کے فٹبال شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیل کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر اور سازگار مواقع فراہم کرنے اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایسے بڑے اور قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، تجربات کے تبادلے اور قومی سطح پر اپنی پہچان بنانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایونٹس بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ملک بھر کے کھلاڑیوں کے درمیان روابط، ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں، کھلاڑیوں، منتظمین اور فٹبال شائقین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں کی مثبت تربیت، ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور معاشرے میں امن، برداشت، اتحاد اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ 2026 کا کامیاب انعقاد بلوچستان میں فٹبال کی مقبولیت، نوجوانوں کے کھیلوں سے بڑھتے ہوئے رجحان اور عوام کی بھرپور دلچسپی کا مظہر ہے۔ یہ ایونٹ اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ کھیلوں کے ذریعے نہ صرف نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں بلکہ امن، اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے پیغام کو بھی مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے