بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے خواتین مستحقین کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام سے آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر تربیتی مہم شروع کر دی
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے خواتین مستحقین کو نئے ڈیجیٹل والٹ نظام سے آگاہ کرنے کے لیے ملک گیر تربیتی مہم شروع کر دی ہے۔ اب ادائیگی کا تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد خواتین ملک بھر میں پارٹنر بینکوں کے کسی بھی مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم وصول کر سکیں گی، جبکہ غیر قانونی کٹوتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مؤثر بنانے اور خواتین مستحقین میں آگاہی بڑھانے کے لیے ملک گیر تربیتی سیشنز کا آغاز لاہور سے کر دیا ہے۔
تربیتی سیشن کے افتتاحی خطاب میں ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی نظام کی کامیابی کے لیے عملے کی تربیت اور خواتین مستحقین کی جامع آگاہی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادائیگی کا تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد خواتین پاکستان کے کسی بھی شہر میں پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے اپنی رقم نکلوا سکیں گی۔
اس سہولت سے مخصوص ادائیگی مراکز پر انحصار کم ہوگا، جبکہ خواتین کے سفر کے اخراجات اور مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔
ڈاکٹر عصمت نواز نے بی آئی ایس پی عملے کو ہدایت کی کہ خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے استعمال، موبائل فون اور سم کی حفاظت، پوری رقم وصول کرنے اور ٹرانزیکشن سے متعلق ایس ایم ایس محفوظ رکھنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی رقم سے کسی بھی غیر مجاز کٹوتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بی آئی ایس پی نے خواتین مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ ادائیگی سے متعلق شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 0800-26477 یا متعلقہ تحصیل دفتر سے رابطہ کریں۔
تربیتی سیشن میں بی آئی ایس پی کے مرکزی اور پنجاب کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی، جبکہ تربیتی سرگرمیوں میں تعاون پر یونیسیف کے سوشل پالیسی سیکشن کا بھی شکریہ ادا کیا گیا
