نومبر 2, 2026

گورنر بلوچستان کا پی پی اے ایف اور دیگر اداروں کے زیر اہتمام قومی کانفرنس سے خطاب

0
governer-s

کوئٹہ2 نومبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں ہمیشہ پولیٹیکل ڈائیلاگ کا حامی رہا ہوں۔ جسطرح پاکستان نے معرکہ حق میں فتح اور امریکہ و ایران کو براہِ راست مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا کردار ادا کرکے دفاع کے شعبہ اور عالمی سفارتکاری کے میدان میں ایک بلند مقام حاصل کیا اسی طرح اب اندرونی استحکام کیلئے بھی پولیٹیکل ڈائیلاگ، عوام کو اعتماد میں لینے اور نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ ہمیں یہ حقیقت پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ دشمن کسی بھی وقت ہماری داخلی کمزوریوں سے فائدہ آٹھا سکتا ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی اور مذہبی فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب ہمیں یقین ہے کہ سیاسی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہم درپیش چیلنجز پر بھی بہت جلد قابو پا لینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں قومی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجس افیئرز نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے مالی تعاون اور سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریزم (CoE-CVE) بلوچستان کے اشتراک سے کیا۔ واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ’معرکۂ حق کے بعد کے دور میں عالمی ثالثی، اسٹریٹجک سفارتکاری، تنازعات کے حل اور معاشی مواقع میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار کے موضوع پر ایک قومی کانفرنس منعقد ہوئی جسمیں حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، علمائے کرام اور ترقیاتی شعبے کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں عالمی سفارت کاری، قیامِ امن، تنازعات کے حل اور علاقائی معاشی تعاون میں پاکستان کے بدلتے ہوئے کردار پر غور و خوض کیا گیا۔ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے تقریب کے انعقاد پر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کو سراہا اور تنازعات کے حل، امن کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں ڈائیلاگ اور باہمی افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔ بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی، پیشہ ورانہ اور معاشی مواقع میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ضروری وسائل اور مواقع فراہم کرنے کے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ گورنر بلوچستان نے معرکۂ حق کے دوران افواج پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا۔ گورنر مندوخیل قومی کانفرنس میں عالمی سفارت کاری، امن کے قیام اور معاشی مواقع کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے خواتین کو بااختیار بنانے اور قیامِ امن و معاشی ترقی میں انکی موثر شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جامع اور پائیدار ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم، معاشی مواقع اور فیصلہ سازی کے عمل تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بریچ نے پائیدار امن اور سماجی و اقتصادی استحکام کے فروغ کیلئے جامع ترقی، اسٹریٹجک شراکت داری اور عوامی سطح پر روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ طویل المدتی استحکام اور جامع ترقی کیلئے غربت میں کمی، روزگار کے ذرائع کی ترقی اور محروم طبقات میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ انہوں نے مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے حکومتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔۔
حکومت بلوچستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور حمزہ شفقات نے شرکاء کو قیامِ امن اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات اور قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبہ میں پرامن و جامع ماحول کے قیام کیلئے موثر قانون سازی، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور عوامی شمولیت کی اہمیت اجاگر کی۔
انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجس افیئرز کے صدر محمد اسرار مدنی نے رواداری، باہمی افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ میں مذہبی روابط، مکالمے اور فکری مباحثے کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے تنازعات کے حل اور عالمی سطح پر قیامِ امن میں پاکستان کے کردار کو مضبوط بنانے کیلئے تعمیری روابط کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
کانفرنس کے دیگر مقررین نے بھی اہم موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ سیاسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر رضا نے پاکستان کے بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی اور سفارتی کردار اور علاقائی تعاون کی اہمیت پر گفتگو کی۔ سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریزم کے چیف کوآرڈینیشن آفیسر دوست محمد بڑیچ نے پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے عوامی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو اہم قرار دیا۔
بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے سماجی و اقتصادی استحکام کی بنیاد کے طور پر نچلی سطح پر ترقی اور عوامی تنظیم سازی کی اہمیت اجاگر کی۔ سی پی ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نصراللہ بڑیچ نے کمیونٹی کی شمولیت اور پائیدار ترقی پر اظہارِ خیال کیا۔ مختلف مذاہب کے علمائے کرام اور نمائندوں جن میں سکھ مذہبی رہنما سردار جس بیر سنگھ اور کوئٹہ کے میتھوڈسٹ چرچ کے فادر بشیر سائمن شامل تھے، نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
کانفرنس کا اختتام اس مشترکہ مؤقف پر ہوا کہ مکالمہ، ادارہ جاتی شراکت داری، بین المذاہب ہم آہنگی اور جامع ترقی بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائیدار امن، سماجی ہم آہنگی اور معاشی ترقی کے بنیادی ستون ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے