ماتلی میں بدامنی عروج پر، چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، ماتلی پولیس کی کارکردگی پر سوالات
ماتلی : ماتلی میں بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں اور تاجر برادری میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔ آئے روز پیش آنے والی وارداتوں کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر ماتلی پولیس کی مبینہ غفلت پر سوالات اٹھانے لگے۔ ظہیر کالونی میں بیوپاری مزمل کمبوہ کی ہول سیل ایجنسی میں 4 اگست کی رات چوری کی واردات کو 20 سے زائد روز گزرنے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کا سراغ لگانے اور چوری شدہ رقم برآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ تاجر برادری اور شہریوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ ماتلی پولیس کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی بدامنی کا فوری نوٹس لے کر چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور سامان برآمد کرکے شہریوں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
