اکتوبر 6, 2026

آبپاشی حکام سے مذاکرات اور پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج مؤخر کردیا گیا

0
matli-news

تحصیل ماتلی کی سومرکی، کھچر اور کوکر شاخوں کے ٹیل کے آبادگاروں نے پانی کی مبینہ مصنوعی قلت کے خلاف 10 ستمبر کو حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج اور ایکسین آبپاشی کے دفتر کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا تھا تاہم آبپاشی حکام سے مذاکرات اور پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج مؤخر کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق احتجاج کے اعلان کے بعد ایس ای روہڑی کینال عطا محمد چھجڑو نے آبادگار رہنما سردار شہزاد بشیر ہالیپوٹو سے رابطہ کرکے مسائل براہ راست سننے کی درخواست کی۔ آبادگاروں کی مشاورت سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا جس پر ایس ای روہڑی کینال عطا محمد چھجڑو، ایکسین جہانزیب اور ایس ڈی او سلطان نارائی ہالیپوٹو ہاؤس فلکارا پہنچے جہاں تینوں شاخوں کے ٹیل کے آبادگاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر سردار شہزاد بشیر ہالیپوٹو، حاجی خان محمد کمبوہ، غلام رسول مزاری، حاجی لالو کمبوہ، حاجی فیصل سہتو، محمد پنہور، ایڈووکیٹ جی ایم لغاری، محبوب علی، ایڈووکیٹ حیدر تھہیم، فدا حسین لاشاری، محمد نواز سریوال اور دیگر آبادگاروں نے آبپاشی حکام کو مسائل سے آگاہ کیا۔آبادگاروں نے کہا کہ زمینوں تک پانی نہ پہنچنے کے باعث فصلیں تباہ جبکہ زرعی زمینیں بنجر ہونے لگی ہیں اور آبادگار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ آبادگاروں نے آبپاشی عملے پر مبینہ طور پر من پسند افراد کو رشوت کے عوض پانی فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے تینوں شاخوں کے ٹیل تک پانی نہیں پہنچتا۔آبپاشی حکام نے آبادگاروں کی شکایات سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ایس ای روہڑی کینال عطا محمد چھجڑو نے کہا کہ آبادگاروں کی شکایات جائز ہیں پانی کا گیج بڑھا کر سومرکی، کھچر اور کوکر شاخوں کے پوچھڑ تک پانی پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔دوسری جانب آبادگاروں نے خبردار کیا کہ اگر یقین دہانی پر عمل نہ ہوا اور پانی ٹیل تک نہ پہنچا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے سندھ بھر میں آبپاشی حکام کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ آبادگاروں کا کہنا تھا کہ پانی ان کی زندگی، روزگار اور فصلوں کا مسئلہ ہے اس لیے اب صرف یقین دہانی نہیں بلکہ عملی طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے