ماتلی: وائرل آڈیو پر رائس ملز مالکان اور آبادگار آمنے سامنے، ایسوسی ایشن کی وضاحت
ماتلی : سابق میونسپل چیئرمین اور رائس ملز مالک عبدالروف نظامانی کی وائرل ہونے والی آڈیو کے بعد رائس ملز مالکان اور آبادگاروں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پر رائس ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران وضاحت دینے کے لیے ماتلی پریس کلب پہنچ گئے۔عبدالروف نظامانی کی موجودگی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رائس ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سیٹھ سامن داس ویڈھانی، فاروق احمد چھپّو، حاجی یوسف کشمیری، ڈاکٹر چیتن سامناڻي، بھگوان داس کوہستانی اور دیگر نے کہا کہ عبدالروف نظامانی کی لیک ہونے والی آڈیو کا مقصد کسی بھی آبادگار کی دل آزاری کرنا نہیں تھا بلکہ گروپ میں شامل اراکین کو اتحاد برقرار رکھنے اور کیے گئے فیصلوں کی پابندی کرنے کے حوالے سے پیغام دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آڈیو سے اگر کسی آبادگار کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔ عہدیداران نے الزام عائد کیا کہ عبدالروف نظامانی کی آڈیو لیک کرنے کا مقصد ان کی ساکھ کو متاثر کرنا اور رائس ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ہے، جس کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔رائس ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ آبادگاروں اور رائس ملز مالکان کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں، جنہیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رائس ملز مالکان آبادگاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور اپنے نقصان کی قیمت پر بھی آبادگاروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔انہوں نے آبادگاروں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کو غلط فہمیوں کی بنیاد پر مزید خراب نہ ہونے دیں، باہمی اعتماد اور تعاون کو برقرار رکھیں، کیونکہ آبادگار اور رائس ملز مالکان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
