ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد نے ضلعی اطلاعات دفتر بدین کا تفصیلی دورہ
ماتلی: ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد نے ضلعی اطلاعات دفتر بدین کا تفصیلی دورہ کرکے دفتر کے انتظامی امور، مجموعی کارکردگی، میڈیا مینجمنٹ اور سرکاری سرگرمیوں کی تشہیر کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں نے ڈپٹی کمشنر بدین کو محکمہ اطلاعات کی کارکردگی اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی اطلاعات دفتر بدین حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری اداروں کے عوام دوست منصوبوں، ترقیاتی کاموں، فلاحی پروگراموں، صحت، تعلیم، زراعت، پولیو، ماحولیات، ڈیجیٹل گورننس اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلعی اطلاعات دفتر بدین سرکاری سرگرمیوں کی میڈیا کوریج میں اہم اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ دفتر کی جانب سے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے اہم سرکاری اجلاسوں، تقریبات، عوامی فلاح و بہبود کی مہمات، ہنگامی صورتحال سے متعلق آگاہی مہمات اور حکومتی پالیسیوں کو بروقت میڈیا تک پہنچا کر عوام کو مستند اور درست معلومات فراہم کی جا رہی ہیں اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت سندھ کی کارکردگی کو نمایاں کرنے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا گیا ہے بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بدین نے ڈپٹی کمشنر آفس کی دیگر برانچوں کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت اور پی ایس علی نواز قائم خانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
