دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کارروائیاں صوبے میں امن کے قیام کے عزم کی عکاس ہیں.شاہد رند
مستونگ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔شاہد رند کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مستونگ میں کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کارروائیاں صوبے میں امن کے قیام کے عزم کی عکاس ہیں۔
