وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایت کے مطابق حب ریجن میں وفاقی محکموں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل دوسرے روز بھی جاری
حب 23 نومبر:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایت کے مطابق حب ریجن میں وفاقی محکموں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل دوسرے روز بھی جاری ہے۔ انٹرویوز ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر نگرانی لیے جا رہے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امیدواروں اور انٹرویو پینلز کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
شیڈول کے مطابق آج ضلع حب اور وڈھ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز لیے جا رہے ہیں، اس مقصد کے لیے تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور انٹرویوز کا عمل باقاعدہ طور پر جاری ہے۔
انٹرویوز کا عمل بلا تعطل اور منظم انداز میں جاری ہے
اس موقع پر امیدواروں کی تعلیمی اسناد اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حب خود انٹرویوز کے عمل کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ بھرتیوں کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ حب کے مطابق وفاقی محکموں میں بھرتیوں کا مقصد اہل اور مستحق امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امیدواروں کو یکساں مواقع اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
