یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ماتلی میں محکمہ ریونیو اور میونسپل کمیٹی ماتلی کی جانب سے الگ الگ یکجہتی ریلیاں
ماتلی:5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ماتلی میں محکمہ ریونیو اور میونسپل کمیٹی ماتلی کی جانب سے الگ الگ یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں سرکاری افسران، ملازمین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے کونج اٹھی۔محکمہ ریونیو کی جانب سے نکالی گئی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد علی چنا اور مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے کی جبکہ میونسپل کمیٹی ماتلی کی ریلی کی قیادت چیف آفیسر عتیق قائمخانی نے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد علی چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔جبکہ مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔میونسپل کمیٹی ماتلی کے چیف آفیسر عتیق قائمخانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے اور عالمی برادری کو اس دیرینہ تنازع کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے
