عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا، سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ
عالمی منڈیوں میں کاروباری ہفتے کے آخری روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بیشتر زرعی اجناس کی قیمتیں بھی نیچے رہیں۔ اس کے برعکس سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 48 سینٹ کم ہو کر 97.49 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔اسی طرح برینٹ کروڈ کے نرخوں میں بھی 49 سینٹ کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 105.43 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
سونے کی قیمت میں اضافہ
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 28 ڈالر بڑھ کر 4,181 ڈالر ہوگئی۔ عالمی نرخوں میں اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھے گئے، جہاں فی تولہ سونا 2,800 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 636 روپے کا ہوگیا۔
دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 2,401 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 77 ہزار 774 روپے تک پہنچ گئی۔
چاندی بھی مہنگی ہوگئی
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 108 روپے بڑھ کر 6,256 روپے ہوگئی۔
