صحافیوں کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمات درج کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کے خلاف ایوان صحافت بدین اور بدین پریس کلب کے صحافیوں کی جانب سے ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ضلع جامشورو کی تحصیل کوٹری کے باریجا صحافیوں کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمات درج کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کے خلاف ایوان صحافت بدین اور بدین پریس کلب کے صحافیوں کی جانب سے ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔اس موقع پر احتجاجی صحافیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر جامشورو پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ علامتی بھوک ہڑتال کی قیادت فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی رہنما تنویر احمد آرائیں، حاجی خالد محمود گھمن، ضلعی صدر عطا چانڈیو، جنرل سیکریٹری لالا ہارون گوپانگ، مرکزی رہنما شفیع محمد جونیجو، پریس کلب کے صدر شوکت علی میمن اور ایوان صحافت بدین کے جنرل سیکریٹری اختر علی کھوسو نے کی۔احتجاج میں سینئر صحافیوں عمران عباس خواجہ، دیدار حسین ملاح، علی محمد شاہانی، مرتضیٰ میمن، ماما مجید ملاح، نصرت حسین جعفری، نعیم بلوچ، حمید سومرو، میر شکیل میمن، علی میمن، نثار احمد عباسی، سردار خان بھٹی، امداد علی چانڈیو، مبارک علی میرانی، فرحان میمن، عطا سدیار سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔اس موقع پر علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھے صحافیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حق اور سچ لکھنے پر صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے انہیں مسلسل ہراساں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حال ہی میں ایک بااثر رکن قومی اسمبلی کی مبینہ ایماء پر کوٹری پولیس نے باریجا صحافی بھائیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے گھروں میں داخل ہوکر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔احتجاجی صحافیوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ باریجا صحافیوں کے خلاف درج مقدمات فوری طور پر ختم کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع اور احتجاجی تحریک تیز کی جائے گی۔
