نومبر 1, 2026

معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے عالمی ٹائٹل جیت کر وطن واپس پہنچنے والے بلوچستان کے ہونہار کھلاڑی شہباز مری کا کوئٹہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا

0
babar-yousaf-zai

کوئٹہ: معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے عالمی ٹائٹل جیت کر وطن واپس پہنچنے والے بلوچستان کے ہونہار کھلاڑی شہباز مری کا کوئٹہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابر یوسفزئی نے کہا کہ شہباز مری کی عالمی سطح پر کامیابی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرنے کے لیے مناسب مواقع، سہولیات اور سرپرستی فراہم کی جائے۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ صوبے کے نوجوانوں اور بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جب بلوچستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے، اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے تو ہماری نوجوان نسل خود بخود مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب ہوگی۔ نوجوانوں کو کھیل، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنا ایک پُرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان کی بنیاد ہے۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ صرف سیکیورٹی اقدامات سے نہیں بلکہ تعلیم، کھیل، روزگار اور نوجوانوں کو روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرکے بھی کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ایسا ماحول دینا ہے جہاں ان کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور کھیلوں کا سامان ہو، نہ کہ ہتھیار۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت دینا ہی ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کا راستہ ہے۔
بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، ٹیلنٹ کی سرپرستی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کوششیں ایک مثبت سمت کی عکاسی کرتی ہیں۔ بلوچستان کا نوجوان باصلاحیت ہے اور اسے میرٹ پر مواقع ملیں تو وہ دنیا کے کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتا ہے۔انہوں نے شہباز مری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی بلوچستان کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثال ہے۔ آپ نے ثابت کیا ہے کہ محنت، عزم اور لگن کے ذریعے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ حکومت اور معاشرے کو چاہیے کہ ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مزید نوجوان عالمی سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کر سکیں۔بابر یوسفزئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے آگے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حمایت کی جائے گی، کیونکہ ایک تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور پُرامن نوجوان نسل ہی بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے