ستمبر 2, 2026

حب: ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا افتتاح کردیا

0
election-commision-complex-

حب: ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے حب میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال، کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء، ڈی آئی جی لسبیلہ ڈویژن سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، وکلاء، علاقائی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسین انجینئر ملک مسعود نے الیکشن کمیشن کے حکام کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس حب کی تعمیر کا آغاز دسمبر 2023 میں کیا گیا تھا، جبکہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے خاتمے کے بعد منصوبہ نومبر 2024 میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حوالے کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے جب منصوبہ سنبھالا تو اس کی آن گراؤنڈ فزیکل پروگریس تقریباً 40 فیصد تھی۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز نے محدود بجٹ کے باوجود 18 ماہ میں منصوبہ مکمل کروایا۔

حکام کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس حب کی تعمیر پر مجموعی طور پر اب تک 243.515 ملین روپے خرچ کیے جاچکے ہیں، جبکہ منصوبے کی تخمینہ لاگت 267.995 ملین روپے ہے۔ منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید 24 ملین روپے کے فنڈز سے متعلق کام باقی ہے۔

کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت گڈ گورننس پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت شاندار عمارت کی تعمیر گڈ گورننس کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور شدہ فنڈز شفاف طریقے سے خرچ ہونے چاہئیں۔

سائرہ عطاء کا کہنا تھا کہ عوامی اداروں میں اس طرز کی سہولیات کی فراہمی دیگر اداروں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی عمارت اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی عکاسی کرتی ہے۔ منصوبے کی تکمیل میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر عبدالویاب زہری کی نگرانی میں ٹیم نے جانفشانی سے کام کیا۔

الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی کی کوششوں سے بلوچستان میں چار ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکسز کی منظوری ہوئی، جن میں گوادر، حب، مستونگ اور جعفرآباد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر قائم کیے جاچکے ہیں۔

علی اصغر سیال نے کہا کہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بھی کلیدی کردار ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ حب کا الیکشن کمیشن کمپلیکس بلوچستان کی خوبصورت ترین اور ماڈل عمارتوں میں شامل ہے۔ کمپلیکس کے قیام سے شہریوں کو سہولیات اور الیکشن کمیشن کی خدمات کی فراہمی مزید آسان ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شاہ محمد جتوئی نے تقریب میں شرکت پر سول سوسائٹی اور وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ہائیکورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں اور وکلاء برادری سے ان کا دیرینہ تعلق ہے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے نئے تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا معائنہ بھی کیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے