ضلع گوادر میں شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے اور طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے عملی اقدامات جاری
گوادر/پسنی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق ضلع گوادر میں شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے اور طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے عملی اقدامات جاری ہیں۔اسی سلسلے میں تحصیل پسنی کی طویل عرصے سے خراب اور غیر فعال ایمبولینس کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر کی خصوصی کاوشوں سے مکمل مرمت کے بعد دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بحال کی گئی ایمبولینس آر ایچ سی پسنی کے انچارج ڈاکٹر نذیر احمد کے حوالے کردی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فعال ایمبولینس کی دستیابی سے ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت طبی مراکز تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی مزید موثر بنائی جاسکے گی۔اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ شہریوں کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صحت کے مراکز میں سہولیات کی بہتری اور سروس ڈلیوری کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔
