بھارت میں طلبہ تنظیموں کے جاری احتجاج کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ایک نئی سوشل میڈیا پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی۔
سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جم میں لی گئی اپنی چند تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ سر پر سفید تولیہ رکھے نظر آ رہے ہیں۔
اداکار نے تصاویر کے ساتھ ایک مختصر مگر معنی خیز کیپشن بھی تحریر کیا، جس میں لکھا تھا، "سلمان خان ڈر گیا، جو ڈر گیا وہ مر گیا۔” اس مبہم اور ذومعنی پیغام نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی، اور چند ہی گھنٹوں میں اس پوسٹ پر ہزاروں تبصرے سامنے آ گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کی ممبئی میں سلم ری ہیبیلی ٹیشن اتھارٹی (SRA) کے زیرِ اہتمام ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی۔
اس ویڈیو میں مداحوں نے سلمان خان کو ان کے روایتی دبنگ انداز کے برعکس کچھ کمزور، تھکے ہوئے اور غیر معمولی طور پر نڈھال محسوس کیا، جس کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
